• news

پولیس کو بغیر وارنٹ گرفتاری کے اختیارات  دیئے جا رہے تھے‘ شیری رحمنٰ‘ سیاسی دہشتگردی نہیں کرنے دینگے: شاہد خاقان

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پی پی رہنما شیری رحمان نے وزیراعظم کے ٹویٹ پر ردعمل میں کہا ہے کہ سینٹ میں اپوزیشن کی جانب سے ایف اے ٹی ایف سے متعلق دو بلوں کی مخالفت کی گئی۔ پولیس کو بغیر وارنٹ گرفتاری کے اختیارات دیئے جا رہے تھے۔ بغیر وارنٹ گرفتاری ایف اے ٹی ایف کے مطالبات میں شامل نہیں۔ بغیر وارنٹ گرفتاری کے معاملے کا کسی بھی طرح دفاع نہیں کیا جا سکتا۔ لبرل ڈیمو کریسی والے ممالک میں بغیر وارنٹ گرفتاری نہیں ہوتی۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وزیراعظم کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ ایسے بل حکومت دوبارہ لائی تو پھر مسترد کرائیں گے۔ این آر او سلیکٹڈ‘ کرپٹ اور نااہل وزیراعظم مانگ رہا ہے جو اپوزیشن اسے نہیں دے گی۔ سیاسی انتقام کے لئے قانون سازی نہیں کرنے دیں گے۔ کالے قوانین کی وجہ سے معیشت پہلے ہی تباہ ہو چکی ہے۔ ایف اے ٹی ایف کی آڑ میں حکومت کو سیاسی دہشت گردی نہیں کرنے دیں گے۔ این آر او کے مصنوعی بیانیے کے پیچھے سیاسی انتقام کی ہوس نہ بجھائیں۔

ای پیپر-دی نیشن