احمد فراز کے قول وفعل میں تضاد‘ نہ نظریات پر سودے بازی کی :شبلی فراز
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے اپنے والد اور ملک کے شہرہ آفاق شاعر، ادیب ،دانشور احمد فراز کی12ویں برسی کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے قوم سے اپیل کی ہے کہ انہیں اپنی دعاؤں میں ضرور یاد رکھیں۔ منگل کو اپنے ٹویٹ میں وزیر اطلاعات و نشریات نے احمد فراز کے مقبرہ کی تصویر اور کتبے پر تحریر ان کا شعر ’’ میں کہ صحرائے محبت کا مسافر تھا فراز۔ایک جھونکا تھا کہ خوشبو کے سفر پر نکلا" بھی شیئر کیا۔ دریں اثناء قبر پر حاضری کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احمد فراز ایک دلیر شخص تھے، انہوں نے کبھی اپنے نظریات پر سودے بازی نہیں کی میرے والد احمد فراز کو پاکستانی عوام سے بے مثال محبت ملی، انہوں نے اپنے قول و فعل میں کوئی تضاد نہ رکھا احمد فراز نے کبھی اپنے قول و فعل میں کوئی تضاد نہیں رکھا اور نہ کبھی اپنے نظریات پر سودے بازی کی ۔ شبلی فراز نے کہا کہ احمد فراز نے عوام میں محبتیں بانٹیں اور انہیں پاکستانی عوام سے بے مثال محبت ملی،امن،محبت اور انسانیت احمد فراز کا محور رہا، انہوں نے کشمیر اور فلسطین کے عوام ہر مظالم کے خلاف آواز اٹھائی۔ وزیراطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ میں اپنی زندگی میں مشکلات پر اپنے والد احمد فراز کی شاعری سے رہنمائی لیتا ہوں، عوام نے احمد فراز کی وجہ سے ہمیشہ مجھے جو محبت دی ہے اس پر ان کا شکر گزار ہوں انہوں نے کہا کہ احمد فراز نے ایک منفرد انداز میں اپنی صلاحیتوں کو نہ صرف منوایا بلکہ اپنی شاعری کے ذریعے قوم و معاشرے کے لئے ایک پیغام چھوڑا جس پر آج ہمیں عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔