بدقسمتی سے بیرون ملک علاج کے حوالے سے ماضی کا تجربہ اچھا نہیں رہا: سپریم کورٹ
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)سپریم کورٹ نے جعلی اکائونٹس کیس کے مرکزی ملزم انور مجید کی درخواست ضمانت سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے نیب کو نوٹس جاری کر دیا۔ عدالت نے نیب سے دو ستمبر تک جواب طلب کر لیا ہے۔ جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔ تو جسٹس قاضی محمد امین احمد نے کہا کہ انور مجید بیرون ملک علاج کیلئے جانا چاہتے ہیں، اللہ انور مجید کو صحت دے، لیکن بدقسمتی سے بیرون ملک علاج کے حوالے سے ماضی کا تجربہ اچھا نہیں رہا۔ ملزم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سندھ ہائی کورٹ نے کہا بیرون ملک علاج کی اجازت دینے کا قانون میں تصور نہیں لیکن انور مجید کا آپریشن بیرون ملک ہی ہو سکتا ہے، کیونکہ جو سرجری ہونی ہے وہ پاکستان میں زیادہ کامیاب نہیں۔