دھماکہ ، بھارتی فوجی ہلاک دوسرا زخمی، ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کے اجرا کا عمل مزید تیز
سری نگر(نیٹ نیوز‘ اے پی پی) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ کشمیرکے ضلع بارہ مولا میں ہونے والے بم دھماکے میں بھارتی فوج کا ایک اہلکار ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر کے ضلع بارہ مولا میں مٹی کے تیل کی پائپ لائن میں دھماکے سے پورا علاقہ لرز اْٹھا۔ دھماکے میں بھارتی فوج کے دو اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔ریسکیو ادارے نے دونوں اہلکاروں کو قریبی ملٹری ہسپتال منتقل کیا جہاں ایک زخمی نے دوران علاج دم توڑ دیا جب کہ دوسرے زخمی کی حالت بدستور تشویشناک ہے۔ہلاک ہونے والے اہلکار کی شناخت منیش کے نام سے ہوئی ہے جب کہ زخمی اہلکار صوبیدار تری ناتھ ہے۔ دونوں جگو پوسٹ پر تعینات تھے جہاں سے مٹی کے تیل کی پائپ لائن گزر رہی تھی۔دھماکے کے تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے جب کہ متعلقہ تھانے میں مٹی کے تیل کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرائی گئی ہے تاہم کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔دوسری جانب نریندر مودی کی زیرقیادت بھارتی حکومت غیرقانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر خاص طورپر جموں خطے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی جلدی میں دکھائی دیتی ہے تاکہ حد بندی کمیشن کے ذریعے مسلم نشستوں کو کم کیاجائے جس کو نئی دہلی نے آبادی کی بنیاد پر اسمبلی اور پارلیمانی نشستیں طے کرنے کے لئے قائم کیا ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مودی کے خواب کو حقیقت میں تبدیل کرنے کے لئے جموں کے ڈو یژنل کمشنر سنجیو ورما نے جموں خطے کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدات کی ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کے اجراء کے عمل کو تیز کریں۔انہوں نے یہ ہدایات ان اضلاع میں ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کے اجراء میںپیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ ڈپٹی کمشنرز نے انہیں اپنے اپنے اضلاع میں جاری کردہ سرٹیفکیٹس کے بارے میں بتایا۔ سنجیو ورمانے بتایا کہ جموں خطے کے تمام اضلاع میں ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کے اجراء کا عمل زوروں پر ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع ڈوڈہ میں آف لائن اور آن لائن موڈ کے ذریعے 82 ہزار ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری کردیے گئے ہیں اور زیر التوا درخواستوں کو جلد از جلدنمٹانے کا عمل جاری ہے۔انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے حریت فورم کے چیئرمین اور اوقاف کے سربراہ میرواعظ محمد عمر فاروق کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔