• news

کرونا، مزید16اموات ، 450نئے کیس، مجموعی ہلاکتیں 6266، امریکہ: ایک روز میں 400ہلاک

اسلام آباد، نیویارک، ماسکو (خصوصی نمائندہ‘ صباح نیوز) کرونا وائرس کے باعث ملک بھر میں مزید 16افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 6ہزار 266 ہوگئی، 450 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 2لاکھ 93ہزار 931 ہو گئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی ) کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 450نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ایکٹو کیس 9275 رہ گئے۔  پنجاب میں 96 ہزار 391، سندھ میں 1 لاکھ 28ہزار 676، خیبر پی کے میں  32ہزار 898، بلوچستان میں 12ہزار 560، گلگت بلتستان میں 2ہزار 720، اسلام آباد میں 15ہزار 531جبکہ آزاد کشمیر میں 2ہزار 257کیسز رپورٹ ہوئے۔ اب تک 2لاکھ 78ہزار 425مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔ دوسری جانب  مہلک وبا کرونا وائرس کے باعث دنیا میں متاثرہ افراد کی تعداد2کروڑ 38 لاکھ سے زائد ہوگئی ہے اور 8لاکھ 16ہزار 991افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ بھارت میں گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران 854افراد ہلاک ہوئے۔ اموات کی مجموعی تعداد 58ہزار 546ہوگئی۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکہ وائرس سے متاثر ہونے والے ممالک میں پہلے نمبر پر ہے جہاں 59لاکھ 15ہزار 630افراد متاثر ہوئے اور اموات کی تعداد ایک لاکھ 81ہزار 614 ہے۔ گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران امریکہ میں 400 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ برازیل میں کرونا مریضوں کی تعداد 36لاکھ 10ہزار سے زائد ہو گئی۔ برازیل میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران مزید 141افراد ہلاک ہوئے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہو سکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہئے‘ کمروں کو بند کر کے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلا کر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔ سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کر دیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہو جاتا ہے۔  

ای پیپر-دی نیشن