آئی پی پیز کیساتھ مذاکرات مکمل ، 10سال میں 675ارب روپے کی بچت کا امکان
اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ) حکومتی مذاکراتی ٹیم اور نجی بجلی گھروں کے درمیان مذاکرات مکمل ہوگئے ہیں، جس کے نتیجے میں آئندہ 7سے10سال میں675 ارب روپے کی بچت ہوگی۔ذرائع کے مطابق انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) سے مذاکرات کے لیے سابق وفاقی سیکرٹری بابر یعقوب کی سربراہی میں قائم حکومتی کمیٹی اور نجی بجلی گھروں کے درمیان مذاکرات مکمل ہوگئے ہیں اور باہمی مفاہمت کی یاداشتوں پر آج دستخط ہونیکا امکان ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری،کوئلے اور گیس سے چلنے وا لے کارخانوں پر یہ اصول لاگو ہوئے تو 20 سے 25 سال میں 5 ہزار ارب روپے کی بچت ہوگی۔مذاکرات کے نتیجے میں نجی بجلی گھروں کامنافع مقامی سرمایہ کاروں کو ڈالرکے بجائے روپے میں اداکیاجائے گاتاہم بیرونی سرمایہ کاروں کامنافع ڈالرمیں ہی ہوگالیکن اس کی شرح 15فیصد سیکم کرکے 12فیصد ہوگی۔مذاکرات میں طے ہوا ہے کہ بجلی گھروں کوادائیگیاں صلاحیت کی بجائے خریدی جانے والی بجلی پر ہوں گی اوردیر سے ادائیگیوں پر 2 ماہ کے لیے سود کی شرح 4.5 فیصد سے کم کرکے 2.5 فی صد ہوگی،نجی بجلی گھروں نے ٹیکس چوری یا بے ضابطگی کی تواداروں پر تحقیقات کے لیے کوئی قدغن نہیں ہوگی۔ذرائع کے مطابق حکومتی مذاکراتی ٹیم اس ماہ کی31تاریخ کو حتمی رپورٹ کابینہ میں پیش کردے گی اور کابینہ سے منظوری کے بعد حکومتی ادارے نجی بجلی گھروں سے باقاعدہ معاہد ہ کر یں گے۔