نارووال میں 2 بہنوں‘ ساہیوال کی 2 لڑکیوں‘ نوجوان نے خودکشی کر لی
نارووال + فیروزوالہ + ساہیوال (نامہ نگاران + نمائندہ نوائے وقت) نارووال میں گھریلو تنازعہ پر دو سگی شادی شدہ بہنوں نے گندم میں رکھنے والی گولیاں کھا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ جبکہ فیروز والہ شامکے کی رہائشی خاتون نے گھریلو حالات سے دلبرداشتہ ہوکر زہریلی گولیاں کھا لیں۔ تفصیلات کے مطابق نارووال کے محلہ فتح علی کالونی کی رہائشی (ص) جو پانچ بچوں کی ماں بتائی جاتی ہے کے گھر لاہور سے اس کی چھوٹی بہن جو تین بچوں کی ماں بتائی جاتی ہے (س) آئی تھی دونوں بہنوں کے درمیان کسی بات پر معمولی تلخ کلامی ہوئی اور دونوں نے گندم میں رکھنے والی گولیاں کھائیں حالت خراب ہونے پر دونوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن دونوں بہنیں جانبر نہ ہو سکیں، جبکہ فیروز والہ میں شامکے کی رہائشی خاتون (ف) نے گھریلو حالات سے دل برداشتہ ہوکر زہریلی گولیاں کھا لیں جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال لایا گیا یہاں پر وہ دم توڑ گئی۔ فیروز والہ پولیس نے واقعہ کی رپورٹ درج کر لی۔ ساہیوال میں گھریلو تنازعات پر دو نوجوان لڑ کیوں اور ایک نوجوان نے زہر پی کر خود کشی کر لی۔ چک 96 سکس۔آر کے فضل محمد کی 18سالہ لڑکی سونیا نے والدین سے جھگڑ کر زہر پی کر خودکشی کر لی۔ ماموں کانجن سے مہمان آئی محمد علی کی16سالہ نئی نویلی دلہن عائشہ نے اپنے والدین کی طرف سے خاوند کے ساتھ جانے کی ضد پر زہر پی کر خود کشی کر لی ۔ شالیمار ٹائون ہڑپہ سٹیشن کے بیوپاری مشتاق احمد کے32 سالہ بیٹے محمد وقاص نے والدین سے جھگڑ کر زہر پی لیا۔ سونیا، عائشہ اور محمد وقاص کو سول ہسپتال ساہیوال لایا گیا جہاں تینوں نے دم توڑ دیا۔