• news

آل پاکستان انجمن تاجران نے شناختی کارڈ کی شرط ناقابل عمل قرار دیدی

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)آل پاکستان انجمن تاجران کے وفد نے ممبر ٹیکس پالیسی طارق چودھری اور ڈی جی ریٹیل محمد ساجد صدیقی سے تفصیلی ملاقات کی ، وفد اراکین میں سیکرٹری جنرل محمد نعیم میر ، انجمن تاجران کے پی کے صدر ملک مہر الہی ، سندھ تاجر اتحاد کے چیرمین جمیل پراچہ ، انجمن تاجران پنجاب کے صدر ملک شاہد غفور پراچہ جنرل سیکرٹری پشاور شکیل صراف ، سٹی تاجراتحاد کراچی کے صدر شرجیل گو پلانی ، انجمن تاجران پنجاب کے جنرل سیکرٹری رؤف مغل ، نائب صدر آل پاکستان انجمن تاجران شیخ حفیظ شامل تھے ، آل پاکستان انجمن تاجران کے قائدین نے 30 اکتوبر کو تاجروں اور ایف بی آر کے درمیان ہونے والے معاہدے پر عملدرآمد نہ ہونے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ،انجمن تاجران کے قائدین نے شناختی کارڈ کی شرط کو ناقابل عمل قرار دے دیا، آسان سادہ ٹیکس ریٹرن فارم کا اجرا کرنے اور ٹرن اوور ٹیکس کو معائدے کی شرائط کے برعکس نافذ کرنے کے قانون کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کردیا ، شرکاء نے ایک ہزار مربع فٹ کی دوکان پر پوانٹ آف سیلز لگانے کی پالیسی پر نظرثانی کرنے ،جیولرز کے لئے مخصوص ٹیکس نظام وضع نہ کرسکنے پر سخت مایوسی کا اظہار کیا، تاجر قائدین نے کم منافع رکھنے والے سیکٹرز کا ٹرن اوور ٹیکس ازسرنو تشکیل دینے اور فاسٹ موونگ کنزیومر آئیٹمز کی واضح تشریح کرنے کا بھی مطالبہ کر دیا ، ایف بی آر حکام نے معائدے پر من و عن عملدرآمد کرنے کے حوالے سے تیز رفتاری سے کام کرنے کی یقین دہانی کروائی ، تاجر قائدین نے کرونا وائرس کے تناظر میں شناختی کارڈ کی شرط کو ختم کرنے اور معائدے پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں ہر قسم کی احتجاجی تحریک چلانے کا عندیہ دیا ہے ، تاجر قائدین کا کہنا ہے کہ موجودہ بجٹ میں ہمارے معائدے کے مطابق تسلیم کئے گئے تمام مطالبات پر عملدرآمد نہ کرکے ایف بی آر نے وعدہ خلافی کی ہے اور اگر ایف بی آر اپنی وعدہ خلافی پر قائم رہے گا تو پھر ہم سے بھی کسی قسم کے تعاون کی توقع نہ رکھے، ایف بی آر کے ساتھ آئندہ پندرہ روز میں اگلی میٹنگ ہوگی جس میں تاجر قائدین اپنے مشترکہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن