فلسطینی سفارتخانے کا دورہ‘ قبلہ اول کی آزادی امہ کا مسئلہ ہے: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے اسلام آباد میں فلسطینی سفارتخانے کا دورہ کیا اور فلسطینی سفیر احمد جواد رابی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ بیت المقدس قبلہ اول کی آزادی صرف فلسطینیوں کا نہیں، پوری امت مسلمہ کا مسئلہ ہے۔ پاکستانی قوم فلسطین کی آزادی تک اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہے۔ فلسطینی سفیر احمد جواد رابی نے پاکستانی قوم، خاص طور پر جماعت اسلامی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ فلسطینی عوام پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔ پاکستانی قوم نے ہمیشہ فلسطین کے مظلوم عوام کا ساتھ دیا ہے اور ہمیں یقین ہے کہ قبلہ اول کی آزادی تک ہمارے ساتھ رہیں گے۔ نائب امیر جماعت اسلامی وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم بھی ملاقات میں موجود تھے۔ فلسطینی سفیر نے سینیٹر سراج الحق کو قرآن پاک کا نسخہ بھی پیش کیا۔