سفیر کی ملاقات‘ پاکستانی اور سعودی عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں: شیخ رشید
اسلام آباد/ لاہور (ویب ڈیسک/ خصوصی نامہ نگار) وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب نے بین الاقوامی امور پر ہمیشہ ایک دوسرے کے مؤقف کی حمایت کی ہے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے سعودی سفیر نواف سعید احمد المالکی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی۔وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے سعودی سفیر کی وزارت ریلوے آمد پر انہیں گلدستہ پیش کیا۔ سعودی سفیر نے خیر مقدم پرشکریہ ادا کیا۔ شیخ رشید کی صحت سے متعلق پوچھا ،شیخ رشید احمد نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات انتہائی دیرینہ ہیں۔ دونوں ممالک کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات اسلامی بھائی چارے اور محبت پر مبنی ہیں۔ لاہور سے خصوصی نامہ نگا رکے مطابق سعودی عرب کے سفیرالشیخ نواف بن سعیدالمالکی سے خطیب واما م بادشاہی مسجد لاہور وچیئر مین مجلس علماء پاکستان مولاناسید عبدالخبیر آزاد نے بھی ملاقات کی جس میں پاک سعودی تعلقات پرتبادلہ خیال کیاگیا۔اس موقع پر مولاناسیدعبدالخبیرآزادنے کہاکہ پاکستان اورسعودی عرب کے تعلقات لازوال ہیں اس طرح کوئی خراب نہیں کرسکتا۔پاکستان کی تمام حکومتیں، مذہبی وسیاسی جماعتیں اورعوام سعودی عرب سے محبت کرتے ہیں۔ آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ کاسعودی عرب کاحالیہ دورہ نہایت اہمیت کاحامل تھا اس دورے سے دونوں ممالک کے عوام کی محبتیں بڑھی ہیں انہوں نے اس موقع پر سعودی سفیر کی شاندار خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اس موقع پر سعودی سفیر نے مولانا عبدالخبیر آزاد کی دینی ملی سماجی خدمات اور ملک میں قیام امن کیلئے ان سے کردار کوسراہا۔