اینٹی منی لانڈرنگ (دوسرا ترمیمی) بل منظور کرانے کیلئے ستمبر میں پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ
اسلام آباد (محمد نواز رضا، وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا وفاقی حکومت نے اینٹی منی لانڈرنگ (دوسرا ترمیمی) بل2020 ء منظور کرانے کے لئے ستمبر 2020ء کے اوائل میں پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں وزارت پارلیمانی امور صدر مملکت کو سمری بھجوا رہی ہے۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں حکومت سینٹ سے دیگر مسترد بل بھی ایوان میں لانے کی کوشش کرے گی۔ محرم الحرام کی وجہ سے قومی اسمبلی اور سینٹ کے اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دئیے گئے ہیں۔ قومی اسمبلی میں حکومت کو 184ارکان کی حمایت حاصل ہے جب کہ اپوزیشن کو 158ارکان کی حمایت حاصل ہے۔ بی این پی کے 4ارکان حکومت کے مخالف ہیں۔ سینٹ میں حکومت کے 15ارکان ہیں۔ سینٹ میں اپوزیشن کی اکثریت ہے اس وقت بھی پارلیمنٹ ہائوس کے مشترکہ اجلاس میں بھی اپوزیشن کو 8ارکان کی برتری ہے۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بھی حکومت کے لئے بل منظور کرانا خاصا مشکل ہے۔