• news

پاکستان افغان امن عمل سمیت امن و استحکام کیلئے مصالحانہ کردار ادا کرتا رہیگا: شاہ محمود

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، افغان امن عمل سمیت، خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنا مصالحانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔ دفتر خارجہ کے مطابق انہوں نے قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے امور خارجہ کے اجلاس  کو بریفنگ دیتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی اور شرکاء کو  مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور خطے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تفصیلات سے آگاہ کیا۔ افغان طالبان کے وفد کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان بہت پہلے واضح کہہ چکے کہ افغانستان میں قیام امن کیلئے طاقت کا استعمال بے معنی ہو گا۔ دریں اثناء امریکی ناظم الامور پاک جونز سے ملاقات کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات کا فروغ اور باہمی شراکت داری، افغان امن عمل سمیت خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کیلئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے پاکستان میں متعین امریکی ناظم الامور پال جونز سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بات کہی جنہوں نے ان سے الوادعی ملاقات کی۔ دوران ملاقات پاک امریکہ دو طرفہ تعلقات، خطے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال  کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے پاک امریکہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں امریکی سفارتکار کی خدمات کو سراہا۔ انڈونیشیا کے سبکدوش ہونے والے سفیر آئیون سویودری عًمری  نے  وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے الوداعی ملاقات کی۔ اس موقع پر دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے سبکدوش ہونے والے سفیر سے کہا کہ  پاکستان، انڈونیشیا کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔ وزیر خارجہ نے برادر ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات میں بہتری لانے کے لئے، سبکدوش ہونے والے سفیر کی کاوشوں کو  سراہا اور کہا کہ پاکستان انڈونیشیا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔

ای پیپر-دی نیشن