منی لانڈرنگ: ایف آئی اے نے جہانگیر ترین کی کمپنی کیخلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) ایف آئی اے نے جہانگیر ترین کی کمپنی جے ڈبلیو ڈی کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کا آغاز کر دیا اور ملک بھر سے جے ڈبلیو ڈی کی تفصیلات مانگ لیں۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے جہانگیر ترین کی کمپنی جے ڈبلیو ڈی کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے ملک بھر سے جے ڈبلیو ڈی کی تفصیلات مانگ لیں۔ اس حوالے سے ایف آئی اے کی سی آئی ٹی کی جانب سے ڈپٹی کمشنرز کو خط لکھا۔ خط ملتان‘ لاہور‘ کراچی‘ اسلام آباد اور رحیم یار خان کے ڈپٹی کمشنرز کو لکھا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین کے خاندان سمیت 22 افراد اور کمپنیوں کا ڈیٹا مانگا گیا ہے۔ ایف آئی اے نے ایل ڈی اے اور سی ڈی اے سربراہان سے بھی تفصیلات طلب کر لیں جبکہ جے آئی ٹی نے جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین کا بھی ریکارڈ مانگ لیا۔ خط کے ذریعے منقولہ‘ غیرمنقولہ جائیداد‘ بنک اکائونٹس کی تفصیلات ایس ای سی پی سے جہانگیر ترین کے نام پر دیگر کمپنیوں کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔ دوسری جانب ایف آئی اے نے سید احمد محمود سابق گورنر پنجاب کے خلاف بھی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔