• news

نواز شریف کو باہر بھیجنے والی عدالت شہباز شریف سے جواب مانگے: فواد چوہدری

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ، اے پی پی) وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نوازشریف فراڈ کر کے بیرون ملک گئے لہٰذا جس عدالت نے نواز شریف کو باہر بھیجا وہ شہباز شریف سے جواب طلب کرے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ میری بات مانتے تو نواز شریف کو جانے ہی نہ دیتے اور ہمارا نقطہ نظریہ ہے کہ نواز شریف فراڈ کر کے بیرون ملک گئے لہٰذا جس عدالت نے نواز شریف کو باہر بھیجا وہ شہباز شریف سے جواب طلب کرے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا کی وجہ سے نوازشریف کے معاملے میں تاخیر ہوئی ہے، ان کی واپسی پر لائحہ عمل فروغ نسیم اور اور شہزاد اکبر بنائیں گے، کابینہ نے نواز شریف کے لندن جانے سے قبل کہا تھا 2.7 ارب روپے کی گارنٹی رکھی جائے، پہلے کیس میں نواز شریف 2.7 بلین واپس کر دیں پھر چاہے لندن جائیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر نے نواز شریف کی رپورٹس کی بنیاد پر باہر بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا، مسئلہ ڈاکٹرزکا نہیں مسئلہ رپورٹ کا ہے کہ وہ کیسے بنیں لیکن اب تو نوازشریف ٹھیک ہیں اور گھوم پھر رہے ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ مریم نواز اتنی اہم تھوڑی ہیں کہ انہیں کابینہ میں زیر بحث لایا جائے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت گرانے میں ایک ہی آدمی سنجیدہ ہے اور وہ فضل الرحمان ہیں، مگر جب سے ان کی دیہاڑی بند ہوئی وہ ہر دروازے پر جلسہ لے کر پہنچ جاتے ہیں، دریں اثناء ایک ٹویٹ میں چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ رواں سال پاکستان میں الیکٹرک بسیں چلنا شروع ہو جائیں گی۔ وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ ایک اور وعدے کی تکمیل کی طرف بڑا قدم، ڈائیوو پاکستان اور سکائی ول کمپنی کے درمیان پاکستان میں الیکٹرک بسیں لانے کا سٹریٹجک الائنس آج ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن