چار سدہ: تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام، کالعدم تنظیم کے 3دہشتگرد گرفتار ، افغان سمیں برآمد
چار سدہ(نوائے وقت نیوز) چارسدہ میں پولیس نے دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔پشاور کے نواحی علاقے چارسدہ میں محرم الحرام کے موقع پرشبقدر پولیس نے دہشت گردی کابڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا جب کہ دہشت گردوں کی نشاندہی پر بارودی مواد اور 3 ہینڈ گرنیڈ بھی برآمد کرلیے ہیں۔پولیس کے مطابق گرفتار افراد میں دہشت گرد کمانڈر کا سہولت کار بھی شامل ہے، دہشت گردوں نے تھانہ پر حملے کے لیے ایک خودکش بمبار کوتیار کیا تھا۔ دہشت گرد سرو کلے وشبقدر پولیس موبائل اور پولیس سٹیشن کو بھی نشانہ بنانا چاہتے تھے۔پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گرد بھتہ خوری اورماضی میں ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث رہے، 2014 میں اسی گروپ نے پرمجیت سنگھ سے بھتہ مانگا اور انکار پر پرمجیت سنگھ کو قتل کردیا تھا۔چارسدہ پولیس کے مطابق دہشت گردوں سے بھتے میں استعمال ہونے والے 3 افغانستان کے سم جیکٹ بھی برآمد ہوئے ہیں جب کہ گرفتار دہشت گردوں کو مزید تفتیش کے لیے سی ٹی ڈی کے حوالے کردیاگیا ہے۔