دوسری شادی کیلئے پہلی بیوی یا ثالثی کونسل سے اجازت ضروری: سپریم کورٹ
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر ) سپریم کورٹ نے بغیر اجازت دوسری شادی پر پہلی بیوی کو حق مہر فوری ادا کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ عدالت عظمیٰ نے حق مہر کی فوری ادائیگی سے متعلق پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف دائر اپیل خارج کر دی ہے ،سپریم کورٹ نے حق مہر کی فوری ادائیگی بارے عدالت عالیہ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے درخواستگزار محمد جمیل کو حق مہر فوری ادا کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ بدھ کو جسٹس مظاہر علی اکبر کی جانب سے پانچ صفحات پر مشتمل جاری کردہ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ بغیر اجازت دوسری شادی پر پہلی بیوی کو حق مہر معجل ہو یا حق مہر غیر معجل دونوں صورتوں میں فوری واجب الادا ہوگا، فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ دوسری شادی کیلئے پہلی بیوی یا ثالثی کونسل کی اجازت لازمی ہے، دوسری شادی کیلئے اجازت کا قانون معاشرے کو بہتر انداز سے چلانے کیلئے ہے، دوسری شادی کیلئے اجازت کے قانون کی خلاف ورزی سے کئی مسائل جنم لینگے، عدالت عظمی نے حق مہر کی فوری ادائیگی سے متعلق پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے درخواستگزار محمد جمیل کو حق مہر فوری ادا کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ پشاور کے رہائشی محمد جمیل نے اپنی پہلی اہلیہ سے اجازت لیے بغیر دوسری شادی کی تھی۔ پشاور ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں محمد جمیل کو اپنی پہلی بیوی کو فوری حق مہر ادا کرنے کا حکم دیا تھا، محمد جمیل نے پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا تھا۔