قومی کھیل کی بہتری ، پاکستان ہاکی فیڈریشن کا آئین تبدیل کرنے کا فیصلہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) قومی کھیل ہاکی کی بہتری کیلئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کا آئین تبدیل کرنے کا فیصلہ، پی ایچ ایف آئین کو بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرز پر بنایا جائیگا۔ اس بات کا فیصلہ وزیر اعظم عمران خان کیساتھ وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کے ہمراہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈئر (ر) خالد سجاد کھوکھر اور سیکرٹری پی ایچ ایف آصف باجوہ کی ملاقات کے دوران کیا گیا۔ آصف باجوہ نے وزیر اعظم کو فیڈریشن کے امور کے حوالے سے بریفنگ دی۔ وزیر اعظم عمران خان نے قومی کھیل کی بہتری کیلئے کیے جانے والے اقدامات پر پاکستان ہاکی فیڈریشن انتظامیہ پرمکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرز پر پاکستان ہاکی فیڈزریشن کا انتظامی ڈھانچہ فوری طور پر تبدیل کیا جائے۔ وزیراعظم نے پی ایچ ایف حکام کو پی ایس ایل طرزکی ہاکی لیگ کرانے اور اس کیساتھ ساتھ چاروں صوبوں میں ایلیٹ ہاکی اکیڈیمز کے قیام کے حوالے سے بھی ہدایت کی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومتیں پی ایچ ایف کیساتھ مل کراکیڈیمزکا قیام عمل میں لائیں۔ ہاکی کے کھیل کی بہتری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ قومی کھیل کو بحال کرکے ماضی کا عروج واپس لایا جائیگا۔