لاہور نارووال روڈ کی عدم تعمیر‘ ایم پی اے رامیش سنگھ کو فریق بننے کی اجازت‘ ڈی جی نیب طلب
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے لاہور نارووال روڈ کی عدم تعمیر کیخلاف درخواست پر رکن صوبائی اسمبلی سردار رامیش سنگھ اروڑا کو فریق بننے کی اجازت دیدی۔ عدالت نے ڈی جی نیب شہزاد سلیم کو بھی کل طلب کر لیا۔ لاہو نارووال روڈ کی تعمیر کیلئے فنڈز میں گھپلوں کے الزام میں ڈی جی نیب کو رپورٹ سمیت طلب کیا گیا ہے۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد قاسم خان نے سردار رامیش سنگھ اروڑا کی متفرق درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ لاہور سے نارووال جانے والی سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے عدالت سے استدعا ہے کہ فنڈز جاری کر کے منصوبہ مکمل کرنے کا حکم دیا جائے۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کیمرہ سماعت کر لیں۔ انہوں نے سربمہر رپورٹ عدالت میں پیش کی ہے۔ فاضل عدالت نے کہا کہ آپ تحریری طور پر جواب جمع کروا دیں اگر رپورٹ کی ضرورت ہوئی تو منگوا لیں گے۔