سول ایو ی ایشن نے پالیسی پھر تبدیل کردی، مسافروں کیلئے نیا ہدایت نامہ جاری
کراچی(آئی این پی ) سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے )نے مسافروں کی سہولت کے لیے ہدایت نامہ جاری کردیا۔ رپورٹ کے مطابق سی اے اے اتھارٹی نے پانچ دن بعد پالیسی پھر تبدیل کردی جس کے مطابق انٹرنیشنل، ڈومیسٹک مسافروں کے لیے سماجی فاصلے کی شرط ایک بار پھر نافذ ہوگی، پانچ دن قبل سماجی فاصلے کی شرط ختم کردی گئی تھی۔ سی اے اے کے مطابق نئے ایس او پیز کا اطلاق 31 اکتوبر تک ہوگا، اطلاق ڈومیسٹک، انٹرنیشنل پروازوں، چارٹر، پرائیویٹ طیاروں پر یکساں ہوگا۔ حکام کے مطابق پروازوں پر مسافروں کو مختص نشست تبدیل کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، انٹرنیشنل پرواز پر بورڈنگ پاس ایک نشست کے وقفے سے جاری کیے جائیں گے، آف ڈیوٹی عملے کو بھی نشستیں ایک نشست کے فاصلے سے الاٹ کی جائیں گی۔ سی اے اے کا کہنا ہے کہ ڈومیسٹک پرواز میں نشستوں کی ایک قطار کو میڈیکل ایمرجنسی کے لیے خالی رکھنا لازم ہوگا، انٹرنیشنل پرواز میں میڈیکل ایمرجنسی کے لیے نشستوں کی تین قطاریں خالی رکھنا لازمی ہوگی۔ حکام کے مطابق مسافروں کو بٹھانے سے قبل جہاز میں جراثیم کش سپرے کیا جائے گا۔