• news

فلسطینی ریاست کیلئے پر عزم‘ اسرائیل سے تعلقات بحالی کیلئے امریکی دبائو مسترد: بحرین

منامہ (انٹرنیشنل ڈسیک‘ نوائے وقت رپورٹ) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے بحرین کے ولی عہد سلمان بن حمد الخلیفہ سے ملاقات کی ہے، جس میں علاقائی اتحاد اور استحکام پر بات چیت کی گئی۔ وہ اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے بعد خلیجی ممالک کے دورے پر ہیں۔ اسی سلسلے میں انہوں نے سوڈان کا دورہ بھی کیا لیکن سوڈان کی عبوری حکومت کا کہنا ہے کہ وہ اتنا بڑا فیصلہ جلدبازی میں نہیں کر سکتے۔ 15برس بعد کسی امریکی وزیر خارجہ نے سوڈان کا دورہ کیا۔ سوڈانی وزیر اعظم عبداللہ حمدوک نے کہا اسرائیل سے تعلقات اور سوڈان میں دہشتگردی کے معاملے کو الگ رکھا جائے۔ امریکی وزیر خارجہ نے اماراتی ہم منصب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان سے ملاقات کی۔ امارات اسرائیلی معاہدے اور باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مائیک پومپیو اسرائیل‘ سوڈان‘ بحرین کے دورے کے بعد یو اے ای پہنچے۔ مائیک پومپیو نے علاقائی امن کیلئے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ بحرینی وزیر خارجہ نے کہا فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے پر عزم اور اسرائیل سے تعلقات بحالی کیلئے امریکی دبائو مسترد کر دیا۔

ای پیپر-دی نیشن