فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے آڈٹ پالیسی 2019 کی منظوری دیدی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ٹیکس سال 2018کے لئے آڈٹ پالیسی 2019 کی منظوری دے دی ہے۔ آڈٹ پالیسی 2019 کا اطلاق انکم ٹیکس آرڈینینس 2001، سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 اور فیڈرل ایکسائز ایکٹ 2005 کے تحت رجسٹرڈ افراد پر ہو گا۔ ٹیکس سال 2018 کے تمام ٹیکسز کے لئے کیسز کے انتخاب کا معیار پیرا میٹرک طریقہ کار پر مبنی ہے۔ سائنسی بنیادوں پر کیسز کے انتخاب کے لئے رسک پر مبنی آڈٹ مینجمنٹ نظام نامی سافٹ ویئر ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس سافٹ ویئر کی بدولت ایف بی آر کے لئے ممکن ہو گاکہ وہ زیادہ سے زیادہ عدم تعمیل کرنے والے ٹیکس گزاروں کے کیسز پر توجہ دے سکے اور تعمیل کرنے والے ٹیکس گزاروں کو سہولت دے تاکہ ان کا آڈٹ نظام پر اعتماد کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔ ایف بی آر نے کہا ہے کہ جلد ہی رسک پر مبنی پیرا میٹرز کے تحت کمپیوٹر قرعہ اندازی کے ذریعے سال 2018 کے انکم ٹیکس کے لئے تمام فائلرز ماسوا وہ جن کو خارج کیا گیا ہے کے 0.76 فیصد کیسز کا آڈٹ کے لئے انتخاب کیا جائے گا۔