4 حادثے، 11 ہلاکتیں، جڑانوالہ میں کار ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر تباہ، 4 دوست جاں بحق
جڑانوالہ‘ شکر گڑھ‘ سیالکوٹ‘ چک امرو، نارووال ، شیخوپورہ (نامہ نگاران‘ نمائندگان) شگر گڑھ اور جڑانوالہ میں ٹریفک کے4المناک حادثات کے دوران 4دوستوں سمیت 11افراد جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ عبدالحکیم موٹر وے پر ٹریفک کے المناک حادثہ میں 4دوست موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ بتایا گیا ہے کہ چیچہ وطنی کے رہائشی دوست ذیشان، اقبال، اعظم، ابو بکر ایک کار میں سوار ہو کر لاہور کی جانب براستہ جڑانوالہ جارہے تھے کہ انٹر چینج جڑانوالہ سے چند کلو میٹر کے فاصلہ پرکار تیز رفتاری کے باعث سٹیئرنگ جام ہو جانے سے ڈیوائیڈر سے ٹکر ا گئی۔ اسی اثناء میں پیچھے سے آنے والی متعدد گاڑیاں بریک نہ لگنے سے ان کی گاڑی سے ٹکرا تی رہیں۔ کار میں سوار چاروں دوست موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ جبکہ عقب سے آنے والی گاڑی میں خالد اور ارشاد سمیت دیگر زخمی ہوگئے۔ حادثہ کے باعث موٹر وے کی ٹریفک معطل رہی۔نارووال اور پسرور روڈ پر 2 ٹریفک حادثات میں 4 افراد جاں بحق‘ بچوں اور خواتین سمیت 20 افراد زخمی ہو گئے۔ تمام کا تعلق شکرگڑھ سے ہے۔ لاہور سے شکرگڑھ آنے والی مسافر بس کا شکرگڑھ سے لاہور جانے والی ہائی ایس ویگن سے کرتارپور کے قریب خوفناک تصادم ہوا جس کے نتیجے میں نواحی گائوں جوئیاں کا رہائشی ویگن ڈرائیور ریاض اور ایک خاتون گلزارہ موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ جبکہ 6 سالہ بچی ماریہ ہسپتال میں دم توڑ گئی۔ حادثہ میں خواتین بچوں سمیت کل 20 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ بارش کے موسم میں تیز رفتاری کے باعث حادثہ پیش آیا۔ ریسکیو1122 کے اہلکاروں نے مقامی افراد کے ساتھ مل کر زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پہنچایا۔ ویگن میں پھنسے مسافروں کو باڈی کاٹ کر باہر نکالا گیا۔ دوسرا حادثہ پسرور روڈ پر مرغی سپلائی کرنے والے ڈالے اور مسافر بس میں تصادم سے پیش آیا۔ حادثہ کے نتیجے میں کوٹ نیناں کے رہائشی نادر اور الطاف جاں بحق ہو گئے۔ شیخوپورہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق کھاریانوالہ فیصل آباد روڑ پر تیز رفتار موٹر سائیکل بس کے ساتھ ٹکرا گئی،حادثے میں موٹر سائیکل پر سوار 2 افراد جاں بحق ایک خاتون زخمی ہو گئیں ۔ ریسکیو نے زخمی خاتون کو طبی امداد دینے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا‘ خاتون پروین زوجہ لطیف کیپری پارک شیخوپورہ کی ہے جبکہ جاں بحق دونوں افراد کی شناخت نہیں ہو سکی۔