طیارے کی دراندازی، اشتعال انگیز کارروائی، امریکہ سنگین اقدامات بند کرے: چین
بیجنگ (اے پی پی) چین کی وزارت دفاع کے ترجمان ووچیان نے امریکی فوجی طیارے کی جانب سے چین کے فوجی مشقوں کے نوفلائی زون میں پرواز پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ امریکی طیارے کی یہ دراندازی اشتعال انگیز کارروائی ہے، چین اس کی سختی سے مخالفت کرتا ہے اور امریکہ سے اس طرح کی کارروائیاں ترک کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔انہوں نے کہا ایسے واقعات سمندری اور ہوائی حادثات کا باعث بن جاتے ہیں،یہ سراسر اشتعال انگیز کارروائیاں ہیں،چین اس کی سختی سے مخالفت کرتا ہے اور اس حوالے سے امریکہ کو بھر پور تحفظات سے آگاہ کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا چین امریکہ سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اس طرح کے اشتعال انگیز اقدامات کو فوری طور پر بند کرے اور خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لئے ٹھوس اقدامات کرے۔واضح رہے کہ ایک امریکی طیارہ چینی عوامی سپاہ آزادی کے شمالی تھیڑ کے علاقے میں اس وقت داخل ہو گیا جب وہاں تربیتی مشقیں جاری تھیں۔