• news

لیاقت بلوچ کی فضل الرحمن سے ملاقات‘ جماعت اسلامی کا اپوزیشن اجلاس میں شرکت سے انکار

اسلام آباد‘لاہور(وقائع نگار خصوصی‘خصوصی نامہ نگار)جماعت ا سلامی پاکستان کے نائب امیر اور مجلس قائمہ سیاسی قومی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمن سے اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا پیغام پہنچایا۔ لیاقت بلوچ نے اپوزیشن جماعتوں کے مشاورتی اجلاس میں شرکت کی دعوت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کی نااہلی ، ناکامی روز روشن کی طرح ہے۔ مسئلہ کشمیر و فلسطین پر حکومتی کردار مایوس کن ہے۔ انجینئرڈ انتخابات کے بعد عمران خان کی حکومت ہر محاذ پر ناکام ہے۔ سیاسی آئینی اور پارلیمانی بحران شدت اختیار کرتا جارہاہے۔ جماعت اسلامی کا مولانا فضل الرحمن اور اپوزیشن جماعتوںکی حکومت مخالف جدوجہد سے کوئی اختلاف نہیں۔ مسلم لیگ اور پی پی نے گزشتہ عرصہ میں بدلتے اقدامات سے اپوزیشن کو ہی ضعف پہنچایا ہے۔ جماعت اسلامی نے ماضی کے تجربات کی روشنی میں اپوزیشن کا صاف ستھرا کردا ر ادا کرنے کا فیصلہ کیاہے اور ہم میدان عمل میں ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں سے رابطہ برقرار رہے گا لیکن اس مرحلہ پر جماعت اسلامی اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ اجلاس میں شرکت نہیں کرے گی۔ مولانا فضل الرحمن اور دیگر اپوزیشن رہنماوں سے قومی امور پر رابطہ اور تبادلہ خیال ہوتا رہے گا۔

ای پیپر-دی نیشن