• news

کسی رکن اسمبلی کا جائز کام نہیں رکے گا، ناجائز کبھی کیا نہ کرنے دونگا: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ  سردار عثمان بزدار نے  پاکپتن میں حضرت بابا فریدالدین مسعود گنج شکرؒ  کے مزار پر حاضری دی۔ وزیراعلیٰ  نے  مزار پر  پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاکستان کی ترقی و سلامتی اور عوام کی خوشحالی کیلئے،  بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی کیلئے بھی خصوصی دعا کی۔  مزار کے احاطے میں قائم کنٹرول روم کا دورہ کیا اور کنٹرول روم میں ڈیجیٹل وال پر مختلف مقامات کا خود جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحمل، برداشت، رواداری اور بھائی چارے کا فروغ اولیاء کرام کی تعلیمات کا خاصا ہے۔ عثمان بزدار نے پاکپتن میں ڈھکی کے مقام پر گندگی کے ڈھیر دیکھ کر ناپسندیدگی کا اظہار کیا اور ڈپٹی کمشنر پاکپتن کو شہر میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں  کہا کہ صحافی برادری کو درپیش مسائل پر ہمدردانہ غور کریں گے۔ پاکپتن میں بابا فرید یونیورسٹی کے منصوبے کے قیام کا اعلان  کیا ہے۔ ہر ضلع میں یونیورسٹی بنانے کا عزم رکھتے ہیں۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ  ارکان اسمبلی اور تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈرز نے ملاقات کی۔ ترقیاتی منصوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس  ہوا۔ وزیراعلیٰ  کہا کہ بابا فرید یونیورسٹی کے منصوبے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر امور کو نمٹایا جائے گا۔ پاکپتن کیلئے لوکل گورنمنٹ کے 46 کروڑ روپے فوری طور پر بحال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکپتن میں جمنیزیم کے منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائیگا۔ ملکہ ہانس میں واٹر سپلائی سکیم کی بحالی کیلئے کام جلد شروع کیا جائیگا۔ پاکپتن میں نئی پناہ گاہیں اور لنگر خانے قائم کریں گے۔ محرم الحرام میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات میں کسی کوتاہی کی  گنجائش نہیں۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔ رکن اسمبلی کا  جائز کام نہیں رکے گا ناجائز کام کبھی کیا ہے نہ کسی کو کرنے دوں گا۔ عثمان بزدار سے راوی ریور  فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین راشد عزیز نے ملاقات کی اور پراجیکٹ کے حوالے سے اہم امور سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے منصوبے سے متعلقہ امور جلد نمٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ تحریک انصاف کی حکومت  کا گیم چینجر منصوبہ ہے۔ ماضی میں کوئی حکومت اس منصوبے کو شروع کرنے کی ہمت نہ کر سکی۔ باتیں بنانے والے باتیں کرتے رہ گئے لیکن منصوبے پر کام شروع نہ کر سکے۔  عثمان بزدار نے پنجاب حکومت سمیت دیگر صوبوں میں شدید بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن