• news

سعودی سفیر کی  اسد قیصر ، زبیدہ جلال سے  ملاقاتیں: کشمیریوں کیلئے او آئی سی پلیٹ فارم سے آواز اٹھانے کی ضرورت‘ اسد قیصر

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سعودی عرب کے سفیر نواف المالکی نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ پارلیمانی تعلقات‘ عالمی و علاقائی امور‘ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر اسد قیصر نے کہا کہ او آئی سی کی پارلیمانی یونین کے پلیٹ فارم سے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کیلئے آواز اٹھانے کی ضرورت ہے۔ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے متحدہ کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ کشمیر میں بدترین فوجی محاصرہ اور نہتے عوام پر بھارتی افواج کی بربریت جاری ہے۔ مسلم امہ کو درپیش مسائل کے حل کیلئے مسلم ممالک کے درمیان اتحاد کی ضرورت ہے۔ادھر وفاقی وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال سے بھی سعودی سفیر ملے،زبیدہ جلال نے کہا پاکستان سعودی عرب سے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے،سعودی سفیر نے کہا دونوں ممالک یک جان و دو قلب ہیں،زبیدہ  جلال سے مصرکے سفیر  طارق داروغ نے بھی ملاقات کی،وفاقی وزیر نے کہا پاکستان اور مصر  مل کردفاعی پیداواری صلاحیت بڑھا سکتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن