پومپیو کی اماراتی ہم منصب سے ملاقات : اسرائیل کیساتھ معاہدے سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال
دبئی (نیٹ نیوز) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو متحدہ عرب امارات ( یو اے ای) پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے اپنے اماراتی ہم منصب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان سے ملاقات کی ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق مائیک پومپیو نے اماراتی وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران امارات اسرائیل معاہدے اور باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ امریکی وزیرخارجہ نے اماراتی عوام کو اسرائیل امارات کے درمیان تاریخی معاہدے کی مبارک باد دیتے ہوئے علاقائی امن کے لیے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ مائیک پومپیو اسرائیل، سوڈان اور بحرین کے دورے کے بعد متحدہ عرب امارات پہنچے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ان دوروں کا مقصد علاقائی امن کے لیے کیے گئے معاہدے کو مزید مستحکم کرنا ہے۔ ادھر امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے عمان کے دورے میں علاقائی امن سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ مائیک پومپیو نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ عمان کے سلطان ہیثم بن طارق سے ملاقات میں متحدہ خلیج تعاون کونسل کے ذریعے علاقائی امن، استحکام اور خوشحالی کی اہمیت پر بات ہوئی۔ انہوں نے مزید لکھا کہ مضبوط سلامتی شراکت داری اور معاشی تعلقات کے لئے عمان کے شکر گزار ہیں۔