• news

سابق حکمران پارٹیاں ظالمانہ اقدامات کیلئے حکومت کی دست راست بن گئیں: سراج الحق

لاہور( خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکومت اور اپوزیشن آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے مفادات کی تکمیل کے لیے ایک ہی ایجنڈے پر ہیں۔سابقہ حکمران پارٹیاں عوام کے ساتھ نہیں بلکہ ظالمانہ اقدامات میں حکومت کی دست راست بن گئی ہیں۔ وزیراعظم کو وعدوں کی خلاف ورزی اور عوام کو بے وقوف بنانے پر قومی ایوارڈ ملنا چاہیے۔ حکومت نے عوام کے مفاد کے لیے کوئی قانون سازی نہیں کی اور ایف اے ٹی ایف کے لیے ایک درجن بل پاس کروائے ہیں۔ وکلا نے جمہوریت اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے بڑا اہم کردار ادا کیاہے۔ جماعت اسلامی کی جدوجہد کا مرکزی نقطہ ملک میں آئین کی بالادستی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے تیمر گرہ میں چکدرہ ، باجوڑ ، ثمر باغ اور تیمرگرہ بازار کے مشترکہ اجلاس سے خطاب اور بلامبٹ میں جماعت اسلامی کے یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حکومت کی پالیسیوں سے معیشت تباہ ہو چکی ہے۔ عوام غربت ، مہنگائی ،بے روزگاری کے ہاتھوں سخت پریشان ہیں۔سینیٹر سراج الحق نے کراچی اور ملک کے دیگر علاقوں میں بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کراچی کے حالات کی ذمہ دار وفاقی ، صوبائی اور شہری حکومتیں ہیں۔سینیٹر سراج الحق نے جماعت اسلامی کے کارکنان اور الخدمت فائونڈیشن کے رضا کاروں کو ہدایت کی کہ بارشوں سے متاثرہ لوگوں کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن