محرم : دہشت گردی کے پیش نظر لاہور کے 39تھانوں کی حدود میں سرچ آپریشن
لاہور (نامہ نگار) محرم الحرام میں دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں نے رات گئے شہر کے39 تھانوں کی حدود میں سرچ آپریشنز کئے۔ اکبری، اسلام پورہ، رنگ محل، یکی گیٹ، ٹبی سٹی، نولکھا، داتا دربار، گجرپورہ، لٹن روڈ، مزنگ، غازی آباد، جنوبی چھائونی ،باغبانپورہ، فیصل ٹائون، لیاقت آباد، نواں کوٹ، گلشن راوی، گلبرگ، وحدت کالونی، سمن آباد، مانگا منڈی، گلشن اقبال، جوہر ٹائون، سبزہ زار میں رات گئے تک پولیس ٹیموں کا سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری رہا۔ سرچ آپریشنز میں متعلقہ ایس او ایچ اوز نے پولیس نفری اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہمراہ حصہ لیا۔ سی سی پی او ذوالفقار حمید کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشنز کا مقصد مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھتے ہوئے شہریوں میں احساس تحفظ پیدا کرنا ہے۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سیکیورٹی بڑھا دی گئی، ای پولیس ایپ کی مدد سے چیکنگ کا بھی عمل جاری ہے۔ شہری کسی بھی مشتبہ شخص اور مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوراً 15پر دیں۔ سی سی پی او لاہور نے ڈولفن اور پیرو فورس کو کرائم ہاٹ سپاٹ ایریاز میں پٹرولنگ جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی ہے۔