لاہور‘ نارووال سڑک کی عدم تعمیر کیخلاف درخواست ہائیکورٹ میں سماعت کیلئے مقرر
لاہور ( وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ میں لاہور نارووال روڈ کی عدم تعمیر کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ درخواست پر 2 ستمبر کو سماعت کرینگے۔ عدالت نے رکن صوبائی اسمبلی سردار رامیش سنگھ اروڑا کی فریق بننے کی درخواست منظور کر رکھی ہے۔ عدالت نے ڈی جی نیب شہزاد سلیم کو بھی طلب کر رکھا ہے۔ لاہور نارووال روڈ کی تعمیر کیلئے فنڈز میں گھپلوں کے الزام میں ڈی جی نیب کو رپورٹ سمیت طلب کر رکھا ہے۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد قاسم خان نے سردار رامیش سنگھ اروڑا کی متفرق درخواست پر سماعت کرینگے درخواست میں موقف میں کہا گیا ہے کہ چیف سیکرٹری پنجاب کی طرف سے تحریری رپورٹ جمع کرادی گئی ہے۔ لاہور سے نارووال جانے والی سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ عرصہ دراز سے لاہور نارووال روڈ کی توسیع کا پراجیکٹ زیر التواء ہے۔ سڑک کی تعمیر کے پراجیکٹ کا افتتاح مسلم لیگ ن کے دور میں کیا گیا۔ استدعا ہے کہ لاہور نارووال روڈ کی تعمیر کیلئے فنڈز جاری کر کے منصوبہ مکمل کرنے کا حکم دیا جائے۔