بزنجو کی سیٹ پر الیکشن کیلئے 15 کاغذات نامزدگی جاری‘ نیشنل پارٹی کا انتخاب میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ
اسلام آباد‘ کوئٹہ (وقائع نگار خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) نیشنل پارٹی نے پارٹی سربراہ سینٹر میر حاصل خان بزنجو کی سینٹ خالی ہونے والی نشست پر الیکشن میں حصہ نہ لینے کا اصولی فیصلہ کر لیا۔ نیشنل پارٹی ایک بااصول سیاسی جمہوری جماعت ہے اور اس وقت چونکہ جماعت کے پاس بلوچستان اسمبلی میں کوئی نشست نہیں ہے اس لئے پارٹی نے سینیٹ کے ضمنی انتخاب میں باقاعدہ حصہ نہ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ فیصلہ پارٹی کی مرکزی قیادت نے بزنجو خاندان کے مشاورت سے کیا ہے۔ نیشنل پارٹی کے میر حاصل بزنجو کی وفات سے خالی سینٹ کی نشست پر انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی کا اجراء کر دیا گیا۔ الیکشن کمشن کے مطابق دو روز کے دوران 15 کاغذات نامزدگی جاری کئے گئے۔ مجموعی طور پر دس امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل 31 اگست کو ہو گا۔ سینٹ کی خالی نشست پر انتخاب 12 ستمبر کو بلوچستان اسمبلی میں ہو گا۔