ٹورنٹو میں پاکستان مخالف پروگرام، را کے چیف کا خفیہ دورہ کینیڈا، انتظامات کو حتمی شکل دی
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) بھارتی میڈیا میں ان دنوں پاکستان کے خلاف بلوچستان اور سندھ کے حوالے سے پراپیگنڈے میں شدت آ گئی ہے۔ بھارتی ٹی وی چینل زی نیوز، نیوز نیشن، انڈیا ٹی وی، اب تک اور ریپبلک بھارت، اس کے علاوہ ہندی اخبارات دینک بھاسکر، دینک جاگرن، نوبھارت ٹائمز اور امر اجالا، گورمکھی اخبارات جگ بانی اور اجیت، نام نہاد بی ایل اے اور پی ٹی ایم وغیرہ کی شان میں قصیدہ گوئی میں مصروف ہیں۔ بھارتی میڈیا میں، ٹورنٹو کینیڈا میں سٹی ہال کے سامنے ناتھن فلپس سکوائر میں منعقد ہونیوالے ایک پروگرام کے بارے میں بھی لمبی چوڑی رپورٹس چلائی جا رہی ہیں جو کینیڈا میں قائم بھارتی سفارتخانہ اور ’’را‘‘ بلوچ نیشنل موومنٹ، پشتون کونسل کینیڈا، پی ٹی ایم اور ورلڈ سندھی کانگریس جیسی نام نہاد کٹھ پتلی تنظیموں سے منعقد کرا رہی ہیں۔ اس حوالے سے بالا کوٹ کی نام نہاد بھارتی ایئر سٹرائیک کے ماسٹر مائنڈ اور ’’را‘‘ کے چیف سمنت گوئل نے کنیڈا کا خفیہ دورہ کیا اور انتظامات کو حتمی شکل دی۔ ہندوستانی اخبارات کی اس پروگرام کے متعلق رپورٹس سے یہ امر بالکل واضح ہو جاتا ہے کہ اس پروگرام کا مقصد پاکستان کو بدنام کرنے کی سعی اور وطن عزیز میں لسانی، گروہی و فرقہ وارانہ تعصب کو فروغ دینا ہے۔ ہندوستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق چند پاکستانی عناصر بھی اس پراپیگنڈے میں معاونت کر رہے ہیں۔ بھارتی ایجنسیاں بھی سوشل میڈیا پر اس ضمن میں مخصوص ہیش ٹیگز کو فروغ دینے میں مصروف ہیں۔ بھارت میں قائم نام نہاد تنظیم ’’ہند بلوچ فورم‘‘ کی جانب سے لاپتہ افراد کے حوالے سے انتہائی اشتعال انگیز پراپیگنڈہ جاری ہے اور کئی پروگراموں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب بھارتی میڈیا سی پیک منصوبے کو کمزور کرنے کیلئے بھی تمام تر توانائیاں صرف کر رہا ہے۔ بھارتی میڈیا میں مودی کے وہ ویڈیو کلپس چلائے جا رہے ہین جس میں انہوں نے پندرہ اگست 2016 کو دہلی کے لال قلعے سے خطاب کرتے برہمداغ بگٹی اور ہربیار مری جیسے دہشتگردوں کی شان میں زمین آسمان کے قلابے ملائے تھے اور کہا تھا کہ بھارت بلوچستان کی پاکستان سے علیحدگی (خدانخواستہ) کیلئے ان عناصر کی تمام تر معاونت اور سرپرستی کرتا رہے گا‘‘۔