بارشوں سے اربوں روپے کا نقصان ہوا‘ امدادی پیکج دیا جائے: تاجروںکا مطالبہ
لاہور (کامرس رپورٹر) کاروباری برادری نے کراچی میں حالیہ بارشوں کے باعث تاجروں کو پہنچنے والے اربوں روپے کے مالی نقصان کے ازالے کے امدادی پیکج دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی اور لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر ملک طاہر جاوید نے کہا کہ کراچی میں تباہ کن بارشوں سے سرکاری، نجی، صنعتی اور تجارتی نقصانات پر بہت دکھ ہوا ہے۔ قبل ازیں کرونا وائرس کی وجہ سے کاروبار کی بندش اور انسانی جانوں کے اتلاف سے ناقابل تلافی نقصانات نے کراچی کو بری طرح مضمحل کر دیا ہے۔ کراچی کا کاروباری طبقہ کرونا نقصانات کے منفی اثرات سے نکل نہیں سکا۔ حالیہ طوفانی بارشوں نے نقصانات کو کئی گنا بڑھا دیا ہے۔ ان حالات میں لاہور چیمبر کے سابق صدر نے وفاقی اور سندھ کی صوبائی حکومتوں پر زور دیا ہے کہ بارشوں کے نقصانات کے ازالہ کے لئے سندھ کے کاروباری طبقہ اور عوام کے لئے بجلی گیس اور دیگر حکومتی محاصل کی ادائیگی کو موخر کیا جائے اور ممکن حد تک ان میں چھوٹ کا اعلان کیا جائے تاکہ کرونا اور حالیہ طوفانی بارشوں سے متاثر کاروبار بحال کرنے میں مدد مل سکے۔