پٹرول 7‘ ڈیزل 8 روپے مہنگا کرنے کی تجویز ارسال
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) یکم ستمبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔ اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجاویز پٹرولیم ڈویژن کو ارسال کر دیں۔ ذرائع کے مطابق اوگرا نے پٹرول کی قیمت میں فی لٹر سات روپے تک اضافے کی تجویز دی ہے۔ ڈیزل کی قیمت میں آٹھ روپے فی لٹر تک اضافے کی تجویز ہے۔ اوگرا نے اپنی تجاویز 30 روپے فی لٹر پٹرولیم لیوی کی بنیاد پر بھجوائی ہیں۔ پٹرول کی موجودہ قیمت میں 26 روپے 70 پیسے فی لٹر پٹرولیم لیوی شامل ہے۔ ڈیزل کی موجودہ قیمت میں 25 روپے 73 پیسے فی لٹر پٹرولیم لیوی شامل ہے۔ اوگرا نے مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں بھی اضافے کی تجویز دی ہے۔