• news

بلوچستان حکومت رواں مالی سال کے دوران 4ہزار کلومیٹر سڑکیں تعمیر کرے گی

اسلام آباد (صلاح الدین/نمائندہ نوائے وقت)بلوچستان حکومت صوبے میں مواصلاتی نظام کو بہتر بنانے کے لئے رواں مالی سال کے دوران 4ہزار کلومیٹر سڑکیں تعمیر کرے گی، حکومت نے سیاحت کے مراکز اور سڑکوں کے ساتھ ساتھ باقی علاقوں کی تعمیر کے منصوبے کو پی ایس ڈی پی میں بھی شامل کیا گیا ہے، سڑک پر ٹریفک حادثات کو روکنے اور انسانی جانوں کو بچانے کے لئے بہتر سڑکیں انتہائی ضروری ہیں۔۔ ذرائع کے مطابق بلوچستان حکومت کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ گذشتہ مالی سال کے دوران صوبے میں تقریبا  2500 کلومیٹر سڑک کے منصوبے مکمل ہوئے ہیں۔ محکمہ مواصلات نے زیارت سے زیارت کراس تک دو لین سڑک کی تعمیر کے منصوبے میں کچھ تبدیلیاں کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے، زیارت روڈ کی توسیع اور تعمیر نو سے علاقے میں سیاحت کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، افغان سرحد سے متصل علاقوں اور مکران ڈویڑن میں ، ایرانی سرحد سے متصل علاقوں کو قومی شاہراہوں سے منسلک کیا جائے گا ، جس سے تجارت اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، نئی سڑکوں کی تعمیر سے صوبے کی زرعی اور معدنی پیداوار کو بڑی منڈیوں تک رسائی حاصل ہوگی۔ زیارت سے سنجاوی روڈ کی تعمیر کو پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) میں شامل کرنے اور آس پاس کی آبادیوں کو مرکزی سڑک سے جوڑنے کے لئے لنک روڈ بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن