آئندہ الیکشن میں مقابلہ جماعت اسلامی اور مافیاز کے مابین ہوگا: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ آئندہ مقابلہ جماعت اسلامی اور مافیاز کے درمیان ہوگا،72 سالوں سے ملک پر مافیاز کا قبضہ ہے حکومت کوئی بھی ہوا سے چلاتا مافیا ہے مافیاز ہر حکومت میں اپنے مفادات پورے کرتے ہیں مخصوص ٹولے نے عوام کی رائے اور پولنگ سٹیشنز کو یرغمال بنا رکھا ہے عوام بھوک‘ افلاس مہنگائی اور بے روزگاری سے لڑتے ہیں اور حکمران اقتدار کے مزے اڑاتے ہیں دنیا آگے کو جاری ہے اور ہمارے ہاں ترقی کا پہیہ الٹا گھوم رہا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ثمر باغ تحصیل منڈا کے ذمہ داران کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اجتماع سے ضلعی امیر اعزاز الملک افکار نے بھی خطاب کیا، سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ آنے والے الیکشن میں جماعت اسلامی مافیاز کا مقابلہ کرے گی اور انہیں الیکشن پر حاوی ہونے یا دولت کے بل بوتے پر الیکشن کو یرغمال بنانے کا موقع نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو مایوسی اور ناامیدی کے اندھیروں سے صرف جماعت اسلامی نکال سکتی ہے، ہم ملک میں قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ کی جدوجہد کر رہے ہیں، ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی اور بالادستی قائم ہو جائے تو وسائل کی لوٹ مار اور کرپشن کا خاتمہ ہو سکتا ہے۔ سراج الحق نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ لوگوں کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے ،متاثرین کو سیلابی پانی سے محفوظ مقامات پر منتقل اور انہیں کھانا اور دیگر ضروری سامان مہیا کیا جائے اور بیماریوں سے بچاؤ کیلئے ضروری ادویات فراہم کی جائیں۔