• news

آتشزدگی: تربیلا ڈیم افسر کی اہلیہ‘ 2 بیٹے‘ بھانجی جھلس کر جاں بحق 

تربیلا (نامہ نگار) تربیلا ڈیم کی صوبڑہ سٹی میں واقع بنگلے میں آتشزدگی کے نتیجے میں  تربیلا 5 کے اسسٹنٹ  کی  اہلیہ، دو معصوم بیٹے اور بھانجی جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔ اندوہناک سانحہ شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آیا۔  آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی تربیلا ڈیم پراجیکٹ کی فائر برگیڈ، تھانہ غازی کے ایس ایچ او  اور واپڈا انتظامیہ جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ واقعات کے مطابق تربیلا بجلی گھر کے پانچویں توسیعی منصوبے کے کنسلٹنٹ کے آفس اسسٹنٹ سردار شہزاد اپنے آفس سے  صوبڑہ سٹی کالونی میں واقع  اپنے بنگلہ نمبر K-35 میں پہنچے۔  گھنٹی بجائی  لیکن دروازہ نہ کھلا چنانچہ وہ دیوار پھاند کر گھر کے اندر داخل ہوئے۔ بیڈروم  سے دھواں نکلتے دیکھ کر انہیں تشویش ہوئی۔  انہوں نے پڑوسی بلال اور اپنے ماموں زاد کو بلا لیا جنہوں نے کمرے سے نعشیں نکالیں۔ حادثے میں سردار شہزاد کی 32 سالہ اہلیہ، 5 سالہ بیٹا محمد ہمدان، 3 سالہ بیٹا محمد آبان اور 10 سالہ بھانجی حوریہ الیاس شہید ہوگئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی تربیلا ڈیم فیلڈ سکیورٹی آفیسر کرنل (ر) راجا محمد طاہر، سکیورٹی آفیسر اسرار خان، اسسٹنٹ کمشنر غازی ڈاکٹر عبد الواجد، ایکسیئن سول1 , ٹرانسپورٹ آفیسر عالم پٹھان اور دیگر آفیسرز کے علاوہ واپڈا ملازمین کی بڑی تعداد امڈ آئی۔ جس میں شامل ہر شخص دل گرفتہ اور افسردہ دکھائی دے رہا تھا۔  میتوں کو  ضلع ایبٹ آباد میں واقع آبائی گاؤں نملی میرہ روانہ کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن