گلوبل فنڈ کا خود نگرانی کا فیصلہ‘عمران پر عدم اعتماد: مریم اورنگزیب
اسلام آ باد + لاہور (وقائع نگار خصوصی + نیوز رپورٹر) مریم اورنگزیب نے عالمی تنظیم گلوبل فنڈ کا اپنے فنڈز کی خودنگرانی کے اقدام پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سویٹزرلینڈ میں قائم عالمی تنظیم کا ایڈز سمیت دیگر بیماریوںپر قابو پانے کے لئے فنڈز کی نگرانی خود کرنے کا اقدام عمران پر عدم اعتماد ہے، گلوبل فنڈ کا خط وزیرصحت عمران کی نااہلی، نالائقی، غیرسنجیدگی، غیرشفافیت اور بدانتظامی کا منہ بولتا ثبوت ہے ،ایڈیشنل سیف گارڈ پالیسی (اے۔ایس۔پی) اختیار کرنے کا مطلب حکومتی ساکھ ختم ہونا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا عالمی فنڈ نے یہ اقدام سیاسی عدم استحکام اور ناکام حکومت مسلط ہونے کی وجہ سے کیا ہے ،گلوبل فنڈ نے یہ اقدام سنجیدہ معاملات میں مجرمانہ لاپروائی برتی جانے اور عوام کا فیصلہ سازی میں شامل نہ ہونے کی وجہ سے کیا ہے۔ فیصلہ ملک میں شفافیت نہ ہونے، فراڈ اور کرپشن کی وجہ سے کیا ہے۔ پہلے پولیو کے معاملے میں بھی غیرسنجیدگی، لاپروائی بدترین نالائقی کا مظاہرہ کیا گیا، پاکستان میں پولیو کم ہونے کے بجائے عمران کے دور میں ریکارڈ تعداد میں بڑھا ہے، ڈینگی سے لے کر کرونا تک عمران کی نالائقی، نااہلی ہر سمت عیاں ہے ۔ وفاق کی عدم دلچسپی اور کردار کی وجہ سے صوبوں میں صحت کے مسائل بڑھ رہے ہیں۔