تجوریاں بھر کر کراچی کو بے یارومددگار چھوڑ دیا گیا: شاہ محمود
ملتان (سپیشل رپورٹر) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کراچی میں انتظامیہ نے اپنی تجوریاں بھریں اور شہر کو اس کے حال پر چھوڑ دیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا مقبوضہ کشمیر کے عوام نے بتا دیا اب ان کی منزل جبر سے آزادی ہے، بھارت نے جس طرح کشمیریوں کی آواز دبائی وہ پوری دنیا نے دیکھا، مقبوضہ کشمیر میں بلیک آوٹ مسلسل جاری ہے۔ انہوں نے کہا حسینیت کا فلسفہ انسان کو خوف سے آزادی دلاتا ہے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام اسی فلسفے پر عمل کر کے جدوجہد آزادی جاری رکھے ہوئے ہیں، وادی میں آج عزاداری اور محرم کے جلوسوں پر پابندی ہے، وہاں مذہبی آزادی پر بھی قدغن ہے اور عید کی نماز کی بھی اجازت نہیں دی گئی تھی، انسانی حقوق کے علمبرداروں کو مقبوضہ کمشیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لینا ہوگا۔ وزیر خارجہ نے کہا ماہرین کرونا وائرس کنٹرول کرنے پر پاکستان کی کیس اسٹڈی کرنا چاہتے ہیں، کرونا کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہمیں احتیاط کرنا ہوگی، خدشہ ہے کہ سردیوں میں کرونا کی دوسری لہر آسکتی ہے اس لیے احتیاط کرنا چاہیے۔ ملتان میں حسینیہ کانفرنس سے وزیرخارجہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا تفریق پیداکرنے والے عناصر کو ناکام بنانا اجتماعی ذمے داری ہے، فرقہ واریت کے خاتمے اور ہم آہنگی میں علما اور مشائخ کا اہم کردارہے، ہرزمانہ حسینؓ کا ہے اور آخری فتح حق کی ہوتی ہے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دنیا میں حسین کے فلسفے کو سمجھنے کی کوشش کی جارہی ہے، دور پلٹے، ادوار بدلے لیکن اس فلسفے کی سچائی پر کبھی آنچ نہیں آئی۔ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ حسینیت کا فلسفہ خوف سے آزادی دلواتا ہے ، مقبوضہ کشمیرمیں عزاداری پرآج پابندی ہے، مذہبی آزادی کا پرچار کرنے والوں نے مذہبی آزادی پرقدغن لگارکھی ہے، مقبوضہ کشمیرمیں عید پر نمازکی اجازت نہیں دی گئی۔ حقوق کے علمبرداروں کو بھارت سے پوچھنا چاہیے کہ عزاداری پرپابندی کیوں ہے، مقبوضہ کشمیر میں مذہبی آزادی پر پابندی کیوں ؟ ہم اس کا جواب چاہتے ہیں ، اخبارات میں تصاویر ہیں، عزاداروں پر لاٹھیاں برسائی جارہی تھیں، پولیس کے ٹرک عزاداروں کو گرفتار کر کے لیکر جارہے تھے، مقبوضہ کشمیرمیں آج محرم کے جلوسوں کی اجازت نہیں۔ کراچی کے حوالے وزیر خارجہ نے کہا کہ شدید بارشوں کی وجہ سے کراچی کی حالت ٹھیک نہیں، دعا ہے آج اور کل کراچی میں حالت بہتر ہو اور شہری عزاداری کر سکیں، کراچی کے لیے ٹھوس منصوبہ بندی کی ضرورت ہے، کراچی میں کچھ نے جیسے تجوریاں بھرنے پر توجہ دی وہ کسی سے چھپا نہیں۔ کراچی میں کئی دہائیوں سے مثالی منصوبہ بندی نہیں کی گئی، ملتان میں سیوریج نظام بہتری کے لیے جائیکا سے معاہدہ ہوچکا ہے۔ نواز شریف کو حکومتی احکامات پر نہیں ازخود واپس آنا چاہئے۔