سکیورٹی خدشات‘ پاک افغان سرحد آج دوسرے روز بھی بند رہے گی
چمن (نوائے وقت رپورٹ) محرم الحرام میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر چمن میں پاک افغان سرحد آج دوسرے روز بھی بند رہے گی، سکیورٹی حکام کے مطابق بلوچستان میں نویں اور دسویں محرم الحرام میں سیکیورٹی انتظامات کے سلسلے میں چمن کے ساتھ پاک افغان بارڈر باب دوستی کو 2 روز کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق اس دوران باب دوستی سے افغانستان کے ساتھ ہر قسم کی دوطرفہ تجارت اور پیدل آمدورفت معطل رہے گی۔ پاک افغان سرحد پر ایف آئی اے کے امیگریشن آفس اور ویزا سیکشن کو بند کر دیا گیا ہے اور کسی بھی غیر معمولی صورت حال سے نمٹنے کے لیے کوئٹہ چمن شاہراہ پر سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔