جاپانی حکومت کا تمام شہریوں کیلئے کرونا کی ویکسین حاصل کرنے کا فیصلہ
ٹوکیو (اے پی پی) جاپان کی حکومت کا کہنا ہے کہ آئندہ سال کی پہلی ششماہی تک ملک کے تمام شہریوں کے لیے درکار کورونا وائرس کی ویکسین حاصل کرنے کا پروگرام بنایا جائے گا۔ جاپانی نشریاتی ادارے کے مطابق جاپانی کابینہ نے وبا سے نمٹنے کے لیے اقدامات کے ایک مجموعے کے بارے فیصلہ کیا۔کابینہ نے اتفاق کیا کہ حکومت کو چاہیے کہ اگر ویکسین محفوظ اور مؤثر پائی جائے تو مقامی یا غیر ملکی ذرائع کے ساتھ ویکسین کے حصول کے معاہدے طے کر لے۔سردیوں میں موسمی فلْو کے پھیلاؤ کے ساتھ ساتھ کورونا وائرس انفیکشن کے پھیلنے کے امکانات کے تناظر میں طبی وسائل کو بہتر بنایا جائے گا اور معائنوں کی استعداد کو بڑھا کر یومیہ اوسطاً تقریباً دو لاکھ معائنوں کی سطح تک لے جایا جائے گا۔کابینہ اراکین نے یہ فیصلہ بھی کیا کہ وبائی امراض کو کنٹرول کرنے کے قانون کے تحت ہر متاثرہ فرد کو ہسپتال داخل کرانے کی ہدایت کے موجودہ طریقہ کار پر لچکدار انداز میں نظرثانی کی جائے گی۔