• news

پنجاب: ممکنہ اربن فلڈنگ، متعلقہ ادارے الرٹ، حفاظتی اقدامات کر لئے: فیاض چوہان 

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے پنجاب میں مون سون کی بارشوں کے باعث بننے والی سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بزدار حکومت کی جانب سے  کیے جانے والے حفاظتی اقدامات سے متعلق اپنے بیان میں کہا ہے کہ صوبے بھر میں فلڈ ریلیف اینڈ ریسکیو سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کیلئے کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہروں میں اربن فلڈنگ کی روک تھام کے لئے واسا، ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے 24/7 الرٹ ہیں۔ قبل از سیلاب انتظامات میں تمام نالوں کی صفائی کا عمل دو ماہ قبل مکمل کیا جا چکا ہے۔ طویل مدتی تیاریوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور میں انڈرگراونڈ واٹر سٹوریج ٹینک کے کامیاب تجربے کے بعد پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی اس منصوبے کے قیام کی منظوری دے دی گئی ہے جبکہ دور رس حکمت عملی کے تحت سیلاب کی تباہ کاریاں کم کرنے کے لیے نالہ لئی جیسے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔ دیہی علاقوں کو طغیانی سے بچانے کے لیے دریائے جہلم، دریائے چناب، خانکی بیراج سمیت دیگر بیراجوں کی 24/7 مانیٹرنگ جاری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سات ہزار کلومیٹر طویل واٹر چینلز کی بھل صفائی کا کام قبل از برسات مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے فائبر گلاس بوٹس، آؤٹبورڈ موٹر انجنز، لائف جیکٹس، جنریٹر سیٹس اور ایمرجنسی لائٹس وغیرہ کی خریداری بھی مکمل کر لی گئی ہے۔ وزیرِ اطلاعات پنجاب نے مزید بتایا کہ حکومت کے پاس پانی کو صاف رکھنے کی گولیاں اور سانپ کے کاٹنے کی دوا کا وافر سٹاک بھی موجود ہے۔

ای پیپر-دی نیشن