کراچی میں موبائل نیٹ ورکنگ اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ، وفاقی وزیر ٹیلی کمیونیکشن نے نوٹس لے لیا
اسلام آباد( نوائے وقت نیوز)کراچی میں شدید بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں کا شکار شہری بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ اور موبائل فون نیٹ ورکنگ میں خرابیوں کی وجہ سے شدید ذہنی اذیت کا شکار ہیں، عوامی شکایات پر وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکشن سید امین الحق نے چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل ریٹائرڈعامر عظیم باجوہ سے رابطہ کیااور انھیں ہدایت کی ہے کہ وہ موبائل فون نیٹ ورکنگ میں تعطل پر متعلقہ حکام اور اداروں سے بازپرس کریں کہ اس تعطل کی وجوہات کیا ہیں اور اگر بارش و سیلاب نیٹ ورکنگ کو متاثر کرسکتا ہے تو کسی اور ہنگامی حالات میں ان کے پاس کیا متبادل ہوگا، وفاقی وزیر سید امین الحق نے چیئرمین پی ٹی اے سے کہا کہ موجودہ تعطل کو فوری دور کرنے کے ساتھ ساتھ مستقبل میں اس قسم کے حالات سے نمٹنے کیلئے مربوط حکمت عملی اختیار کرنا ضروری ہوگیا ہے، سید امین الحق نے تمام موبائل فون کمپنیوں کے سربراہان کو بھی ہدایت کی کہ وہ صارفین سے مسلسل رابطوں کو یقینی بناتے ہوئے نیٹ ورکنگ کے معاملات کو جتنا جلد ممکن ہوسکے حل کریں بصورت دیگر عوامی شکایات پر متعلقہ موبائل فون کمپنیوں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جاسکتی ہے، وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکشن نے شہر میں جاری بدترین لوڈشیڈنگ پر بھی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو بحالی کی ہدایات جاری کی ہیں، وفاقی وزیر نے سوال کیا کہ کیا کے الیکٹرک انتظامیہ لوڈشیڈنگ کے عذاب کا شکار عوام کی اذیت سے آگاہ ہیں۔؟ کیا ساری مصلحتوں اورانتظامی مسائل کا خمیازہ صرف عوام ہی بھگتنے کیلئے رہ گئے ہیں۔؟ وفاقی وزیر نے کہا کہ کے الیکٹرک کو اب اپنے ترسیلی نظام کو جدید تقاضوں کے مطابق بنانا ہوگا، اور اگر بجلی کے مسائل حل نہیں کرسکتے تو وفاق کو اپنی مجبوری سے آگاہ کردیں عوام کا مزید امتحان نہ لیں۔