مخنث افراد پر نامناسب بیان، تنقید پر جے کے رولنگ نے انسانی حقوق کا اعزاز واپس کر دیا
نیو یارک (انٹرنیشنل ڈیسک) شہرہ آفاق فنٹیسی ناول ہیری پوٹر ناول کی لکھاری، ناول نگار اور انسانی حقوق کی رہنما 54 سالہ جے جو این رولنگ المعروف جے کے رولنگ نے مخنث افراد کے خلاف نامناسب بیان پر تنقید کے بعد انسانی حقوق کا اعزاز واپس کردیا۔جے کے رولنگ نے یہ اعزاز ایسے وقت میں واپس کیا ہے جب عالمی سطح پر عدم مساوات کے خلاف مظاہرے ہو رہے ہیں۔ اس حوالے سے رابرٹ ایف کینیڈی ہیومن رائٹس آرگنائزیشن کے صدر، جنہوں نے گزشتہ برس جے کے رولنگ کو رپل آف ہوپ کے اعزاز سے نوازا تھا، انہوں نے آن لائن جاری کردہ بیان میں لکھاری کے الفاظ پر دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ میں نے اس معاملے پر گہری مایوسی کا اظہار کرنے کے لیے جے کے رولنگ سے بات کی ہے کہ لکھاری نے اپنے قابلِ ذکر تحائف کو ایسا بیانیہ تخلیق کرنے کے لیے منتخب کیا ہے جو مخنث افراد کی شناخت کو ختم کرتا ہے اور اس کمیونٹی سے وابستہ تمام افراد کی صداقت اور سالمیت کو مجروح کرتا ہے۔