• news

آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی ترجیح ،حکومت کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی، علی امین گنڈاپور

اسلام آباد (نیوزرپورٹر) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں حکومت کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال، آزاد کشمیر میں وفاق کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبوں اور معاشی صورتحال سے متعلق بات چیت کی گئی، اس موقع پر وفاقی وزیر نے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت وہاں انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑا رہا ہے اور اسرائیل طرز کی پالیسیاں اپنا کر علاقے کی ڈیموگرافی تبدیل کرنا  چاہتا ہے جس کو غیور اور بہادی کشمیری عوام کسی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ آزاد کشمیر کی ترقی و خوشحالی وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور یہی وجہ ہے کہ وفاقی حکومت نے مالی مشکلات کے باوجود آزاد کشمیر کے ترقیاتی بجٹ میں اضافہ کیا، انہوں نے کہا 3.6 ارب روپے کا ایل او سی پیکج، صحت سہولت کارڈ، احساس پروگرام اور کوہالہ پن بجلی  جیسے منصوبے وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے آئینہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں سے آزاد کشمیر کے عوام کو صحت اور روزگار کی بہتر سہولیات میسر ہوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت پورے پاکستان میں عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے۔ ملاقات میں تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود نے وزیر اعظم عمران خان کے وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ اپنی پالیسیز میں غریب اور متوسط طبقے کو ترجیح دی ہے، انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام عمران خان سے گہرا لگائو رکھتے ہیں جس کا اظہار وہ آنے والے الیکشن میں بھرپور انداز سے کریں گے، انہوں نے کہا کہ جس طرح وزیر اعظم عمران خان نے کشمیر کے وکیل اور سفیر کے بطور مسلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے اس کو کشمیر کے عوام بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نرندر مودی اپنی ہندو انتہا پسند فاشسٹ پالیسیز میں کسی صورت بھی کامیاب نہیں ہو گا اور کشمیری اپنا حق خوداردیت لے کر رہیں گے ۔

ای پیپر-دی نیشن