• news

امریکہ: سمندری طوفان سے تباہ کاریاں جاری، ہلاکتیں24 ہوگئیں، ٹرمپ کا دورہ کا اعلان

واشنگٹن (اے پی پی) امریکی ریاستوں لوزیانا اور ٹیکساس میں سمندری طوفان لارا سے اموات بڑھ کر24 ہو گئی ہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق لوئیزیانا میں دس اور ٹیکساس میں چار افراد مارے گئے ہیں۔ طوفان کے دوران 240 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوائوں سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اور بڑی تعداد میں درخت اور بجلی کے کھمبے گر گئے ہیں۔لوئیزیانا کے گورنر جان بیل ایڈورڈز نے وفاقی حکومت سے فوری امداد فراہم کرنے کی اپیل کی ہے اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔سمندری طوفان لارا کی شدت میں اگرچہ کمی آ چکی ہے تاہم کئی امریکی ریاستوں میں اس کے زیر اثر اب بھی موسلا دھار بارشیں ہو رہی ہیں۔ لوزیانا کے گورنر نے وفاق سے ریاست کے شدید متاثرہ  23علاقوں کو آفت زدہ قرار دینے کی اپیل کی ہے۔ریاست لوزیانا میں طوفان کے دوران درخت گرنے سے پانچ افراد، بجلی کی فراہمی معطل ہو جانے کے باعث چلائے گئے جنریٹر کے دھوئیں سے چار افراد مارے گئے جبکہ ایک شخص پانی میں ڈوب کر ہلاک ہوا۔ ٹیکساس میں ایک شخص اپنے گھر پر درخت گر جانے سے اور باقی تین جنریٹر کے دھوئیں کی وجہ سے ہلاک ہوئے۔ ریڈ کراس کے مطابق طوفان کے باعث دونوں ریاستوں میں آٹھ ہزار کے قریب گھر تباہ ہو گئے۔ حکام کے مطابق ابھی تک یہ تعین نہیں کیا جا سکا کہ متاثرہ علاقوں میں بجلی اور پانی کی فراہم کب تک بحال کی جا سکے گی۔ متاثرہ علاقوں میں امداد کارروائیوں کے لئے فوجی دستوں سمیت ڈیڑھ ہزار کارکن تعینات کر دیئے گئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن