4خودکشیاں: چوہنگ، روٹھی بیوی نہ مانی‘ نوجوان پھندے سے جھول گیا
لاہور‘فیروزوالا سرگودھا‘ ڈسکہ (نامہ نگاران‘ نمائندہ خصوصی) سرگودھا میں سود خور ڈسکہ میں گھریلو حالات سے تنگ 2 نوجوانوں نے زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ لاہور چوہنگ کا 36 سالہ نوجوان روٹھی بیوی کو منانے میں ناکامی پر پھندے سے جھول گیا۔ تفصیلات کے مطابق موہلنوال پنجاب سوسائٹی کے رہائشی سعید کی بیوی اس سے جھگڑا کر کے اپنے میکے چلی گئی تھی۔ سعید نے اپنی روٹھی بیوی کو منانے کے لئے فون کال کی اور گزشتہ روز اس کے نہ ماننے پر سعید نے دلبرداشتہ ہو کرگلے میں پھندہ لے کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا ہے۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش مردہ خانے منتقل کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔سرگودھا سے نامہ نگار کے مطابق فیکٹری ایریا کی انور کالونی کا ندیم افضل پرانی لکڑی کا کاروبار کرتا جس نے نوید سے چند لاکھ روپے ادھار لیکر کاروبار میں لگائے جس کی ادائیگی کے باوجود سود بڑھتا چلا گیا۔ سود خور کے دبائو سے دلبرداشتہ ہو کر ندیم نے زہریلی گولیاں کھا لیں اور دم توڑ گیا۔ ڈسکہ میں گھریلو حالات سے تنگ 40 سالہ شخص نے خود کو گولی مار کر خود کشی کر لی۔ تھانہ موترہ کے علاقہ ادوار کے چالیس سالہ جمیل کے گھریلو حالات کافی دنوں سے ٹھیک نہ تھے۔ فیروزوالہ سے نامہ نگار کے مطابق جی ٹی روڈ کی آبادی مبارک آباد میں گھریلو نا چاقی پر دوشیزہ (م) نے زہریلی گولیاں کھا لیں اور ہسپتال میں دم توڑ گئی۔ پولیس نے متوفیہ کی نعش قبضہ میں لے کر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔