کرونا کے باعث آمدنی والے ترقی پذیر ممالک کی معاشی شرح نمو متاثر ہوسکتی ہے، آئی ایم ایف
اسلام آباد(اے پی پی)کووڈ۔ 19 کی وبا کے باعث کم آمدنی والے ترقی پذیر ممالک (ایل آئی ڈی سی ایس) کی معاشی شرح نمو متاثر ہو سکتی ہے، بین الاقوامی سطح پر ان کی معاونت کے فقدان سے ترقیاتی عمل متاثر ہوسکتا ہے۔ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف ) نے اپنے ایک بلاگ میں کہا ہے کہ کووڈ 19 کی وجہ سے ایل آئی ڈی سی ایس کی اقتصادی شرح نمو کے متاثر ہونے کے نتیجہ میں ان ممالک میں غربت کے خاتمے کیلئے کی جانے والی دہائیوں سے جاری کاوشیں بری طرح متاثر ہو سکتی ہیں۔ آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ کووڈ۔19 کے بحران کی وجہ سے پوری دنیا اور بالخصوص کم آمدنی والے ترقی پذیر ممالک کی معیشتیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں اور ترقی پذیر ممالک کو سخت صورتحال کا سامنا ہے۔ عالمی مالیاتی فنڈ نے مزید کہا کہ کم آمدنی والے ترقی پذیر ممالک کو نہ صرف بیرونی مسائل کا سامنا ہے بلکہ وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے کئے جانے والے لاک ڈائونز وغیرہ کے اقدامات سے ان کی معیشتیں متاثر ہو رہی ہیں اور اسی طرح محدود وسائل اور کمزور اداروں کی وجہ سے ایل آئی ڈی سی ایس کی حکومتوں کو قومی معیشت کی معاونت میں بھی مسائل کا سامنا ہے۔ آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ کم آمدنی والے ترقی پذیر ممالک کو اس بحرانی صورتحال سے نکالنے کیلئے عالمی سطح پر تعاون کے فقدان کے نتیجہ میں ان ممالک میں غربت کے خاتمے کیلئے کی جانے والی کوششیں متاثر ہوسکتی ہیں۔