• news

سیلاب بارش متاثرین کیلئے اپوزیشن حکومت سے تعاون پر تیار: شہباز شریف

 اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)شہباز شریف  نے کہا ہے  کہ کشمیری سنت حسینی پر کاربند ہوکر آج کے یزید کا سامنا کر رہے ہیں۔ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی افواج کی جانب سے   عاشورہ کے جلوس پر پیلٹ گن اور آنسو گیس سے نشانہ بنانے کی  شدید مذمت  کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ  پیلٹ گن کا استعمال عالمی قانون، اقوام متحدہ کے ضابطوں اور انسانی قدروں کی سنگین پامالی ہے۔ عزاداری سمیت دیگر مذہبی شعائر کی آزادی عالمی بنیادی انسانی حق ہے۔ ان قدغنوں اور پیلٹ گن کے استعمال کا عالمی برادری اور اقوام متحدہ کو نوٹس لے کر بھارت کے خلاف اقدامات کرنے چاہئیں۔شہبازشریف  نے طوفانی بارشوں اور سیلاب کی صورتحال پر قوم سے اپیل کی ہے کہ اللہ تعالیٰ سے خصوصی دعائیں اور نوافل ادا کئے جائیں۔ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی ومالی نقصانات گہرے دکھ اور رنج کا باعث ہیں۔ اہل پاکستان جہاں جہاں اور جس جس بھی طرح متاثر ہوئے ہیں، ان سے ہمدردی ہے۔ سیلاب اوربارشوں کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے کام کرنے والے اداروں اور رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پارٹی عہدیداران، منتخب نمائندوں اور کارکنان پوری چابکدستی اور خلوص سے متاثرین کی مدد میں پیش پیش رہیں۔ ہنگامی حالات سے دوچار پاکستانیوں کی مدد ہم سب کی دینی، ملی اور قومی ذمہ داری ہے۔ متاثرین کے ریسکیو اور ریلیف کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر کام کریں۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے میں اپوزیشن وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ ہر طرح کے تعاون کے لئے تیار ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف کل کراچی جائیں گے جہاں وہ متاثرین سے ملاقات کرینگے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے وزیرستان میں سرچ آپریشن کے دوران شہید فوجی اہلکاروں کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ انہوں نے 3جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہدا پاکستان کے سر کا تاج ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن