شاہ محمود‘ اعجاز شاہ سے سعودی سفیر کی ملاقاتیں‘ دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر داخلہ اعجاز شاہ سے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی۔ سعودی سفیر نے وزیر داخلہ سے ان کے بھائیوں کی وفات پر تعزیت کی۔ اعلامیہ وزارت داخلہ کے مطابق ملاقات میں باہمی امور کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے عمرہ کیلئے پروازوں کی بحالی سے متعلق دریفات کیا۔ سعودی سفیر نے کہا کہ کرونا صورتحال بہتر ہوتے ہی پروازیں کھل جائیں گی۔ ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ دریں اثناء وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے سعودی سفیر نے ملاقات کی۔ دوطرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات تاریخی نوعیت کے ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا ہے سعودی وزیر خارجہ اور وزیر توانائی کے متوقع دورہ پاکستان کے متمنی ہیں۔ حوثی باغیوں کے سعودی آبادیوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہیں۔ سعودی عرب کی علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے پاکستان ساتھ دے گا۔ امید ہے سعودی حکومت برطرف پاکستانی ملازمین کو بحال کرے گی۔